تفسیر سورہ اعراف - فہم القرآن

ابوعکاشہ نے 'ماہِ رمضان المبارک' میں ‏اپریل 11, 2023 کو نیا موضوع شروع کیا

  1. ابوعکاشہ

    ابوعکاشہ منتظم

    رکن انتظامیہ

    شمولیت:
    ‏اگست 2, 2007
    پیغامات:
    15,966
    تفسیر سورہ اعراف - فہم القرآن

    سورت کے نام:
    الاعراف، المیقات، المیثاق۔

    وجہ تسمیہ:
    الاعراف: اللہ تعالی نے اس سورت کے اندر اہل جنت اور اہل نار کے ذکر کرنے کے بعد دونوں کے درمیان اعراف کے ہونے کا ذکر کیا ہے، یہ ایک بلند فصیل ہے جس پر کچھ لوگ رہیں گے جنہوں نے دنیا کے اندر کوئی ایسا موقف اختیار نہیں کیا ہوگا جس سے ان کا انجام متعین ہوسکے ، اسی لئے اللہ انہیں وہاں پر کئی سالوں تک ٹھہرا کر رکھے گا، اور انہیں اپنے انجام کا پتہ نہیں ہوگا، اسی مناسبت سے اس سورت کا نام اعراف رکھا گیا۔

    المیقات: کیونکہ اس سورت کے اندر موسی علیہ السلام کے میقات یعنی وقت مقررہ کا ذکر آیا ہے، ارشاد باری تعالی ہے- وَلَمَّا جَاءَ مُوسَى لِمِيقَاتِنَا وَكَلَّمَهُ رَبُّهُ قَالَ رَبِّ أَرِنِي أَنْظُرْ إِلَيْكَ قَالَ لَنْ تَرَانِي وَلَكِنِ انْظُرْ إِلَى الْجَبَلِ فَإِنِ اسْتَقَرَّ مَكَانَهُ فَسَوْفَ تَرَانِي فَلَمَّا تَجَلَّى رَبُّهُ لِلْجَبَلِ جَعَلَهُ دَكًّا وَخَرَّ مُوسَى صَعِقًا فَلَمَّا أَفَاقَ قَالَ سُبْحَانَكَ تُبْتُ إِلَيْكَ وَأَنَا أَوَّلُ الْمُؤْمِنِينَ) ترجمہ: اور جب موسیٰ (علیہ السلام) ہمارے وقت پر آئے اور ان کے رب نے ان سے باتیں کیں تو عرض کیا کہ اے میرے پروردگار! اپنا دیدار مجھ کو کرا دیجئے کہ میں آپ کو ایک نظر دیکھ لوں ارشاد ہوا کہ تم مجھ کو ہرگز نہیں دیکھ سکتے لیکن تم اس پہاڑ کی طرف دیکھتے رہو وه اگر اپنی جگہ پر برقرار رہا تو تم بھی مجھے دیکھ سکو گے۔ پس جب ان کے رب نے پہاڑ پر تجلی فرمائی تو تجلی نے اس کے پرخچے اڑا دیئے اور موسیٰ (علیہ السلام) بےہوش ہوکر گر پڑے۔ پھر جب ہوش میں آئے تو عرض کیا، بےشک آپ کی ذات منزه ہے میں آپ کی جناب میں توبہ کرتا ہوں اور میں سب سے پہلے آپ پر ایمان ﻻنے واﻻ ہوں (الأعراف:۱۴۳)۔

    المیثاق: یعنی عہد و پیمان، اس لئے کہ اس سورت کے اندر اس عہد و پیمان کا ذکر ہے جو اللہ نے بندوں سے لیا ہے، ارشاد باری تعالی ہے- وَإِذْ أَخَذَ رَبُّكَ مِنْ بَنِي آدَمَ مِنْ ظُهُورِهِمْ ذُرِّيَّتَهُمْ وَأَشْهَدَهُمْ عَلَى أَنْفُسِهِمْ أَلَسْتُ بِرَبِّكُمْ قَالُوا بَلَى شَهِدْنَا أَنْ تَقُولُوا يَوْمَ الْقِيَامَةِ إِنَّا كُنَّا عَنْ هَذَا غَافِلِينَ) ترجمہ: اور جب آپ کے رب نے اوﻻد آدم کی پشت سے ان کی اوﻻد کو نکالا اور ان سے ان ہی کے متعلق اقرار لیا کہ کیا میں تمہارا رب نہیں ہوں؟ سب نے جواب دیا کیوں نہیں! ہم سب گواه بنتے ہیں۔ تاکہ تم لوگ قیامت کے روز یوں نہ کہو کہ ہم تو اس سے محض بے خبر تھے (الأعراف:۱۷۲)۔

    سورت کی فضیلت:
    -سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (من أخذ السبع الأول من القرآن فهو حبر)" ترجمہ: جس نے قرآن مجید کی پہلی سات سورتیں سیکھ لیں وہ عالم ہے۔“ (سلسلہ صحیحہ: ۲۳۰۵)۔
    سات سورتوں سے مراد بقرہ، آل عمران، النساء، المائدہ، الانعام، الاعراف اور التوبہ ہیں۔

    سورت کے آغاز و اختتام میں مطابقت:
    - سورت کے آغاز میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر قرآن پاک کے نزول کی حکمت بتائی گئی ہے اور یہ کہ یہ کتاب مومنوں کیلئے نصیحت ہے، ارشاد باری تعالی ہے- كِتَابٌ أُنْزِلَ إِلَيْكَ فَلَا يَكُنْ فِي صَدْرِكَ حَرَجٌ مِنْهُ لِتُنْذِرَ بِهِ وَذِكْرَى لِلْمُؤْمِنِينَ) ترجمہ: یہ ایک کتاب ہے جو آپ کے پاس اس لئے بھیجی گئی ہے کہ آپ اس کے ذریعہ سے ڈرائیں، سو آپ کے دل میں اس سے بالکل تنگی نہ ہو اور نصیحت ہے ایمان والوں کے لئے۔ (الاعراف: ۲)۔
    - اور اس سورت کے اختتام پر بھی اس کتاب کے نزول کی حکمت بتائی گئی ہے اور یہ واضح کیا گیا ہے کہ یہ کتاب مومنوں کیلئے ہدایت اور رحمت ہے، ارشاد باری تعالی ہے- وَإِذَا لَمْ تَأْتِهِمْ بِآيَةٍ قَالُوا لَوْلَا اجْتَبَيْتَهَا قُلْ إِنَّمَا أَتَّبِعُ مَا يُوحَى إِلَيَّ مِنْ رَبِّي هَذَا بَصَائِرُ مِنْ رَبِّكُمْ وَهُدًى وَرَحْمَةٌ لِقَوْمٍ يُؤْمِنُونَ) ترجمہ: اور جب آپ کوئی معجزه ان کے سامنے ﻇاہر نہیں کرتے تو وه لوگ کہتے ہیں کہ آپ یہ معجزه کیوں نہ ﻻئے؟ آپ فرما دیجئے! کہ میں اس کا اتباع کرتا ہوں جو مجھ پر میرے رب کی طرف سے حکم بھیجا گیا ہے یہ گویا بہت سی دلیلیں ہیں تمہارے رب کی طرف سے اور ہدایت اور رحمت ہے ان لوگوں کے لئے جو ایمان رکھتے ہیں۔ (الاعراف: ۲۰۳)۔
    - اور اسلئے تاکہ ایک مومن اس کتاب کو مضبوطی سے تھامے رکھے، تاکہ اللہ تعالی اسے معرکہ حق وباطل میں صحیح سالم رکھے، اور دنیا وآخرت ہر جگہ امن و امان اور نجات عطا فرمائے۔

    سورت کا مرکزی نکتہ:
    معرکہ حق وباطل میں موقف کی تحدید۔
    یہ سورت اس وقت نازل ہوئی ہے جب دعوت دین مکہ کے اندر جہری مرحلے میں پہونچ چکی تھی جو کہ بہت ہی شدید اور پرخطر مرحلہ ہے، اس وقت کافروں سے سامنا بہت سخت تھا، کچھ تو حیاء کرنے لگتے تھے، کچھ تکلیفوں سے ڈرتے تھے، ایسے موقع پر یہ سورت نازل ہوئی ہے اپنی پوری حجت اور بہترین اسلوب میں کہ اب مسلمانوں کو اپنا واضح موقف رکھنا چاہیئے۔

    سورت کے موضوعات:
    ۱- ابتدائے آفرینش ہی سے آدم علیہ السلام اور ابلیس کے درمیان حق وباطل کا معرکہ آرائی جاری ہے۔
    ۲- اہل جنت اور اہل نار کے درمیان گفتگو دکھائی گئی ہے تاکہ معرکہ حق وباطل کا نتیجہ سامنے آسکے۔
    ۳- اس معرکہ آرائی میں پچھلی امتوں کے احوال پیش کئے گئے ہیں، اور اسے ہر نبی اور انکی قوم کے قصے کی شکل میں دکھایا گیا ہے۔
    ۴- ہر نبی کے قصے کے آخر میں اس نکتے پر ترکیز کی گئی ہے کہ اللہ نے کس طرح مومن بندوں کو نجات دی اور کافروں کو ہلاک کیا۔
    ۵- پچھلی امتوں کی ہلاکت کے اسباب پیش کئے گئے ہیں، جن میں سرفہرست فساد اور تکبر ہے۔
    ۶- اس معرکہ آرائی میں ابلیس کے ان اسلحوں کا ذکر بھی کیا گیا ہے جن کے ذریعے وہ انسانوں کو راہ حق سے بھٹکاتا ہے، جن میں سرفہرست عریانی اور فحاشی ہے۔
    ۷- معرکہ حق وباطل میں بنی اسرائیل کی ناکامی اور انکے فساد کو واضح کیا گیا ہے اور یہ کہ کیسے یہ لوگ متردد اور شک کا شکار رہے، اپنے موقف کو واضح اور مضبوط نہ کرسکے باوجودیکہ ان کے درمیان موسی علیہ السلام موجود تھے، اور معجزات کا ظہور بھی ہوا۔
    ۸- بنی اسرائیل کا تردد دراصل انکے عقیدے میں تردد اور عدم پائیداری کی وجہ سے تھا۔
    ۹- فرعون کے جادوگروں کے ایمان لانے کی شکل میں ثابت قدمی اور عدم تردد کی مثال پیش کی گئی ہے۔
    ۱۰- سورت کے آخر میں اصحاب سبت کے قصے میں بنی اسرائیل کے تین فریقوں کی مثال پیش کی گئی ہے تاکہ ہم اس سے عبرت حاصل کریں:
    - پہلا فرقہ مومنوں کا تھا جس نے اللہ کے حکم کی تابعداری کی اور امر بالمعروف ونہی عن المنکر کا فریضہ انجام دیا۔
    - دوسرا فرقہ گنہگار فاسق تھا جس نے اللہ کے حدود کو تجاوز کیا اور اسکے حکم کی نافرمانی کی۔
    - تیسرا فرقہ متردد اور شک والا تھا، جس نے اللہ کے حکم کی تابعداری تو کی مگر اصلاح کا کام نہیں کیا۔

    نتیجہ:
    اللہ نے اس مومن فرقے کو نجات دی، جس نے اصلاح کا کام کیا، اور فاسق گروہ کو ہلاک کردیا، مگر اللہ نے یہ واضح نہیں کیا کہ شک کرنے والے فرقے کے ساتھ کیا کیا۔

    ۱۱- پیدائش سے قبل ہی اللہ نے بندوں سے جو عہد و پیمان لیا تھا اسکا ذکر کیا ہے، اور سورت کے اندر تین جگہوں پر اس سے غفلت کرنے پر تنبیہ کی ہے: (۱۷۲، ۱۷۹، ۲۰۵)۔

    فوائد اور اہم نکات:
    ۱- اس سورت کے اندر بلکہ پورے قرآن کے اندر نبی موسی علیہ السلام کا ذکر کثرت سے آیا ہے، اس لئے کہ بنی اسرائیل نسل در نسل سلوک واخلاق میں مختلف نظر آتے ہیں، اسی لئے ان کے احوال زندگی سے ایک مسلمان زیادہ سے زیادہ نصیحت حاصل کر سکتا ہے، اور باطل سے نجات حاصل کرکے اللہ کی راہ پر لگ سکتا ہے۔
    ۲- کسی بھی مسلمان کیلئے منکر پر خاموش رہنا مناسب نہیں ہے، گرچہ اسے یہ گمان ہو کہ یہ لوگ منکر باز نہیں آسکتے ، کیونکہ اس سے آدمی بری الذمہ اور اللہ کے یہاں معذور ہوجاتا ہے۔ (۱۶۴)۔
    ۳- جادوگروں نے اپنے موقف کو مضبوط ایک سجدے کے ذریعے کیا، اسی لئے یہ سورت بھی سجدے پر اختتام پذیر ہوئی، اور یہ کہ انہوں نے ظالموں کے سامنے سجدہ نہیں کیا اور نہ ہی ان سے ڈرے، وہ صرف اللہ کے آگے جھکے رہے، تاکہ ہم بھی ان جادوگروں کے سجدے کو یاد کریں اور اپنے موقف کو مضبوط رکھیں اور ثابت قدمی اختیار کریں۔
    ۴- جو اللہ کو گڑگڑا کر چپکے سے یاد نہ کرے وہ ان ظالموں میں سے ہے جنہیں اللہ پسند نہیں کرتا، ارشاد باری تعالی ہے-ادْعُوا رَبَّكُمْ تَضَرُّعًا وَخُفْيَةً إِنَّهُ لَا يُحِبُّ الْمُعْتَدِينَ) ترجمہ: تم لوگ اپنے پروردگار سے دعا کیا کرو گڑگڑا کر کے بھی اور چپکے چپکے بھی۔ واقعی اللہ تعالیٰ ان لوگوں کو ناپسند کرتا ہے جو حد سے نکل جائیں (الأعراف:۵۵)۔
    ۵- ارشاد باری تعالی ہے- وَلَمَّا سَكَتَ عَنْ مُوسَى الْغَضَبُ أَخَذَ الْأَلْوَاحَ وَفِي نُسْخَتِهَا هُدًى وَرَحْمَةٌ لِلَّذِينَ هُمْ لِرَبِّهِمْ يَرْهَبُونَ) ترجمہ: اور جب موسیٰ (علیہ السلام) کا غصہ فرد ہوا تو ان تختیوں کو اٹھا لیا اور ان کے مضامین میں ان لوگوں کے لیے جو اپنے رب سے ڈرتے تھے ہدایت اور رحمت تھی (الأعراف:۱۵۴)
    یہاں پر لفظ (سکت) آیا ہے، (سکن) نہیں آیا ہے، ایسا لگتا ہے کہ غصہ کوئی حاکم ہو جو فرمان جاری کرتا ہو، ہم اللہ سے دعا گو ہیں کہ ہمیں بردباری اور حکمت عطا فرمائے اور غضبناکی سے دور رکھے۔
     
Loading...

اردو مجلس کو دوسروں تک پہنچائیں