خطبہ حرم مدنی "حقیقی سعادت مندی کا راز" از ڈاکٹر جسٹس حسین آل الشیخ 29 شوال 1447 ہجری

شفقت الرحمن نے 'خطبات الحرمین' میں ‏اپریل 19, 2026 کو نیا موضوع شروع کیا

  1. شفقت الرحمن

    شفقت الرحمن ركن مجلس علماء

    شمولیت:
    ‏جون 27, 2008
    پیغامات:
    783
    فضیلۃ الشیخ پروفیسر ڈاکٹر حسین بن عبد العزیز آل الشیخ حفظہ اللہ نے مسجد نبوی میں 29 شوال 1447ہجری کا خطبہ جمعہ "حقیقی سعادت مندی کا راز" کے عنوان پر ارشاد فرمایا ، جس میں انہوں نے کہا کہ انسان اپنی زندگی میں دل کے سکون، اطمینان اور خوشی کی تلاش میں رہتا ہے، مگر حقیقی سعادت صرف اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور اس کے قرب میں ہی پوشیدہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نیک لوگ دنیا، برزخ اور آخرت تینوں مراحل میں نعمتوں سے بہرہ مند ہوتے ہیں، جبکہ اللہ سے دوری اختیار کرنے والے تنگی اور بے سکونی کا شکار رہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اصل نعمت دل کی نعمت ہے، اور یہ نعمت ذکرِ الٰہی، اخلاص اور کامل توحید کے ذریعے حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بندے کا اپنے رب کے ساتھ مضبوط تعلق، اس پر مکمل بھروسا، اور اس کی رضا کو ہر چیز پر مقدم رکھنا ہی غموں اور پریشانیوں سے نجات کا راستہ ہے۔ ایسے ہی عبادت، خصوصاً نماز، مومن کے لیے سکون اور راحت کا سب سے بڑا ذریعہ ہے، اسی لیے نبی کریم ﷺ نے نماز کو اپنی آنکھوں کی ٹھنڈک قرار دیا۔ آخر میں خطیب محترم نے اس بات پر زور دیا کہ درود و سلام کی کثرت، استغفار اور مخلوق کے ساتھ حسنِ سلوک بھی خوشی اور قلبی سکون کے اہم اسباب ہیں، پھر انہوں نے دعا فرمائی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو ہر قسم کی پریشانی سے نجات دے اور امن و سکون عطا فرمائے۔

    مکمل خطبہ پی ڈی ایف فارمیٹ میں پڑھنے کے لیے کلک کریں۔
    https://drive.google.com/file/d/17HbGJsbbdY0K60lmH2kSAKphmHPqVCYI/view?usp=sharing

    پہلا خطبہ:

    ہمہ قسم کی حمد اللہ تعالیٰ کے لیے ہے جس نے نیک لوگوں کو صراطِ مستقیم کی توفیق عطا فرمائی۔ اور میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ اکیلا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں، بڑا فضل فرمانے والا، نہایت کرم کرنے والا ہے۔ اور میں گواہی دیتا ہوں کہ ہمارے نبی محمد ﷺ اس کے بندے اور رسول ہیں، جو اعلیٰ اخلاق کے حامل تھے۔ اے اللہ! آپ ﷺ پر، آپ کی آل اور صحابہ کرام پر درود و سلام اور برکتیں نازل فرما یہی صراطِ مستقیم پر قائم رہے۔

    بعد ازاں:

    مسلمانو! میں تمہیں اور اپنے آپ کو خلوت و جلوت ہر حالت میں تقویٰ الٰہی اپنانے اور اس کی اطاعت کرنے کی وصیت کرتا ہوں فرمانِ باری تعالی ہے: (يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللَّهَ وَقُولُوا قَوْلًا سَدِيدًا * يُصْلِحْ لَكُمْ أَعْمَالَكُمْ وَيَغْفِرْ لَكُمْ ذُنُوبَكُمْ وَمَنْ يُطِعِ اللَّهَ وَرَسُولَهُ فَقَدْ فَازَ فَوْزًا عَظِيمًا) ’’اے ایمان والو! تقوی الہی اپناؤ اور سیدھی بات کہو، اللہ تمہارے اعمال درست کر دے گا اور تمہارے گناہ بخش دے گا، اور جو اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرے وہ بڑی کامیابی پا گیا۔‘‘ (الأحزاب: 70-71)۔

    مسلم اقوام! لوگ قلبی سکون، اطمینان اور شرح صدر جیسے بلند مقاصد حاصل کرنے کے لیے ہر طرح کے ذرائع اختیار کرتے ہیں، سن لو! اللہ تعالیٰ نے ہمیں بتا دیا ہے کہ یہ سب کس طرح حاصل ہو سکتی ہیں، چنانچہ اللہ تعالی کا فرمان ہے: (إِنَّ الْأَبْرَارَ لَفِي نَعِيمٍ * وَإِنَّ الْفُجَّارَ لَفِي جَحِيمٍ) ’’بے شک نیک لوگ نعمتوں میں ہوں گے، اور بدکار لوگ جہنم میں ہوں گے‘‘ (الانفطار: 13-14)۔

    لہذا سب سے کڑوی زندگی نافرمانوں کی زندگی ہے، اور سب سے خوشگوار زندگی اطاعت گزاروں کی ہے، جو ارحم الراحمین اللہ کے قرب سے مانوس ہوتے ہیں۔ مفسرین نے اس آیت کی تفسیر میں کہا ہے: "لا تَحْسَبْ أَنَّ ذَلِكَ مَقْصُورٌ عَلَى نَعِيمِ الْآخِرَةِ وَجَحِيمِهَا فَقَطْ، بَلْ في دُورِهِمُ الثَّلَاثَةِ هُمْ كَذَلِكَ؛ دَارِ الدُّنْيَا، وَدَارِ الْبَرْزَخِ، وَدَارِ الْقَرَارِ. وَمَا النَّعِيمُ إِلَّا نَعِيمُ الْقَلْبِ، وَمَا الْعَذَابُ إِلَّا عَذَابُ الْقَلْبِ"’’یہ نہ سمجھو کہ یہ صرف آخرت کی نعمت اور عذاب تک محدود ہے، بلکہ ان کی تینوں زندگیوں میں یہی حال ہوتا ہے: دنیا میں، برزخ میں اور آخرت میں۔ اور اصل نعمت دل کی نعمت ہے، اور اصل عذاب دل کا عذاب ہے‘‘۔

    اللہ تعالیٰ کے قرب کی لذت ایسی ہے جس کا کوئی مقابلہ نہیں۔ بندے کا اپنے رب کے ساتھ انس، اس کی اطاعت، اس کا ذکر، اور اس کی کتاب سے تعلق—یہ سب ایسی نعمتیں ہیں جن کے سامنے دنیا کی تمام لذتیں اور خواہشیں ہیچ ہیں۔ کسی نیک شخص کا کہنا ہے:"إِنْ كَانَ أَهْلُ الْجَنَّةِ في مِثْلِ هَذِهِ الْحَالِ؛ إِنَّهُمْ لَفِي عَيْشٍ طَيِّبٍ!" ’’اگر اہلِ جنت اسی حالت میں ہوں جس میں ہم ہیں تو وہ یقیناً بڑی خوشگوار زندگی میں ہوں گے! ‘‘

    بالکل اللہ کے بندو! نہ کسی جان کو سکون مل سکتا ہے، نہ سینہ کشادہ ہوتا ہے، مگر اس وقت جب دل اپنے رب سے جڑ جائے، اور بندہ اپنے خالق کے لیے خالص توحید اختیار کرے، اور اس کی اطاعت میں ظاہر و باطن، پوشیدہ و علانیہ، قول و فعل ہر اعتبار سے جھک جائے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: (مَنْ عَمِلَ صَالِحًا مِنْ ذَكَرٍ أَوْ أُنْثَى وَهُوَ مُؤْمِنٌ فَلَنُحْيِيَنَّهُ حَيَاةً طَيِّبَةً وَلَنَجْزِيَنَّهُمْ أَجْرَهُمْ بِأَحْسَنِ مَا كَانُوا يَعْمَلُونَ) ’’جو کوئی مرد ہو یا عورت نیک عمل کرے، اور وہ مومن بھی ہو تو ہم اسے ضرور پاکیزہ زندگی عطا کریں گے، اور انہیں ان کے بہترین اعمال کا بہترین بدلہ دیں گے‘‘ (النحل: 97)۔

    میرے مسلمان بھائی! نہ آنکھ کو ٹھنڈک ملتی ہے، نہ دل کو سکون، نہ نفس کو اطمینان، مگر اس وقت جب بندہ کامل عاجزی، مکمل فروتنی اور انتہائی محبت کے ساتھ اللہ کے سامنے جھک جائے، اور اس کے دین کے سامنے مکمل طور پر سرِ تسلیم خم کر دے۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: (الَّذِينَ آمَنُوا وَتَطْمَئِنُّ قُلُوبُهُمْ بِذِكْرِ اللَّهِ أَلَا بِذِكْرِ اللَّهِ تَطْمَئِنُّ الْقُلُوبُ) ’’وہ لوگ جو ایمان لائے اور جن کے دل اللہ کے ذکر سے مطمئن ہوتے ہیں، خبردار! اللہ کے ذکر ہی سے دلوں کو اطمینان حاصل ہوتا ہے‘‘ (الرعد: 28)۔ اور فرمایا: (وَأَنِ اسْتَغْفِرُوا رَبَّكُمْ ثُمَّ تُوبُوا إِلَيْهِ يُمَتِّعْكُمْ مَتَاعًا حَسَنًا إِلَى أَجَلٍ مُسَمًّى وَيُؤْتِ كُلَّ ذِي فَضْلٍ فَضْلَهُ) ’’اور یہ کہ تم اپنے رب سے مغفرت طلب کرو، پھر اس کی طرف توبہ کرو، وہ تمہیں ایک مقررہ وقت تک اچھی زندگی عطا کرے گا، اور ہر فضل والے کو اپنا فضل عطا کرے گا۔‘‘ (هود: 3)۔

    اللہ کے بندو! نفس کی پاکیزگی، دل کی خوشی، اس کی مسرت، اس کی لذت، اس کی شادمانی، اس کا انشراح، اس کا نور اور اس کی وسعت—یہ سب کچھ صرف اسی الٰہی طریقے سے حاصل ہوتا ہے جس کی طرف اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب میں رہنمائی فرمائی، اور جسے اس کے رسول ﷺ نے اپنی سنت میں کھول کر بیان فرمایا ہے۔

    لہٰذا جب معاملہ یہی ہے تو اس سے منہ موڑ لینا ہی تمام غموں اور نقصانات کا سر چشمہ ہے، اور یہی دکھوں، رنجوں اور پریشانیوں کا مجموعہ ہے، نیز بدبختی، ذلت اور رسوائی کا سبب ہے۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: (وَمَنْ أَعْرَضَ عَنْ ذِكْرِي فَإِنَّ لَهُ مَعِيشَةً ضَنْكًا وَنَحْشُرُهُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ أَعْمَى) ’’اور جو میری یاد سے منہ موڑے گا اس کے لیے تنگ زندگی ہو گی، اور ہم اسے قیامت کے دن اندھا اٹھائیں گے‘‘ (طہ: 124)۔

    چنانچہ جو شخص اللہ کے دین سے منہ موڑتا ہے وہ ہمیشہ کے غم اور گہری پریشانی میں مبتلا رہتا ہے؛ کیونکہ وہ اس دنیا کے لیے جیتا ہے جو تکلیفوں سے بھری ہوئی اور مشکلات سے گھری ہوئی ہے۔ اگرچہ اس کے پاس کتنا ہی مال اور دنیاوی ساز و سامان کیوں نہ ہو، تب بھی اس کی یہی حالت رہتی ہے؛ اس لیے کہ دنیا کی نعمت اور عزت دائمی نہیں، اور اس کا امن و سکون بھی مستقل نہیں۔ پھر برزخ اور آخرت میں پیش آنے والی تنگی کا کیا حال ہو گا!؟ ہم اللہ تعالیٰ سے بے توفیقی سے پناہ مانگتے ہیں۔

    اسلامی بھائیو! رسول اللہ ﷺ نے ان بلند معانی کو نہایت مختصر الفاظ میں یوں بیان فرمایا: "يَا بِلَالُ أَقِمِ الصَّلَاةَ أَرِحْنَا بها"’’اے بلال! نماز کی اقامت کہو اور ہمیں نماز کے ذریعے راحت پہنچاؤ‘‘۔ [اس حدیث کو متعدد اہل علم نے حسن قرار دیا ہے۔]

    عبادت—اور خصوصاً نماز—میں اللہ تعالیٰ سے تعلق، معرفتِ الہی اور اللہ کی محبت کا ایسا اثر ہوتا ہے کہ دل دنیا کی مشقتوں اور مصروفیات سے راحت پاتا ہے؛ یوں بندے کا دل اپنے رب سے جڑ جاتا ہے اور وہ اپنے رب کے ساتھ انس محسوس کرتا ہے۔ چنانچہ اسے وہ لذت حاصل ہوتی ہے جو تمام لذتوں اور خوشیوں سے بڑھ کر ہے، اور جس کا اس دنیا میں کوئی ہم ثانی نہیں۔

    یہی اللہ کے قریب ہونے اور اس کی بندگی کا راستہ ہے؛ یہی دنیا کی جنت اور یہاں کی بلند ترین نعمت ہے، آنکھوں کی ٹھنڈک، روحوں کی لذت، اور دلوں کی بہار اور خوشی ہے۔ اسی لیے آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا: "وَجُعِلَتْ قُرَّةُ عَيْنِي في الصَّلَاةِ"’’میری آنکھوں کی ٹھنڈک نماز میں رکھی گئی ہے‘‘۔ [اس حدیث کو امام احمد، نسائی، بیہقی نے روایت کیا ہے اور متعدد محدثین نے صحیح قرار دیا ہے۔]

    لہذا اے اللہ کے بندو! اپنے رب کے ساتھ تعلق کو مضبوط کرو، اور اس کے قرب میں انس حاصل کرو؛ تم دنیا اور آخرت دونوں میں سعادت پاؤ گے، اور ہر بڑی کامیابی سے ہمکنار ہو جاؤ گے۔

    اللہ تعالیٰ ہمیں سنی ہوئی باتوں پر عمل سے برکت عطا فرمائے اور ہمیں مزید ہدایت، توفیق، علم اور نور عطا فرمائے۔


    دوسرا خطبہ:
    ہمہ قسم کی حمد اللہ تعالیٰ کے لیے ہے، ایسی حمد جو نہ کبھی منقطع ہو اور نہ ختم ہو۔ اور میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ اکیلا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں، وہی یکتا اور بزرگی والا ہے۔ اور میں گواہی دیتا ہوں کہ ہمارے نبی محمد ﷺ اس کے بندے اور رسول ہیں، جنہوں نے توحید کو سب سے کامل طور پر اختیار کیا۔ یا اللہ! آپ ﷺ پر، آپ کی آل اور صحابہ پر درود و سلام اور برکتیں نازل فرما، جو عزیز و حمید اللہ کی رضا پانے والے ہیں۔

    بعد ازاں:

    اللہ کے بندو! پریشانیوں کو دور کرنا یا دلوں سے غموں کو مٹانا ہو ہر حالت میں بندہ یکسو ہو کر اللہ تعالیٰ کی طرف متوجہ ہو جائے، اور ہر چیز پر اس کی رضا کو ترجیح دے تو اپنے مقاصد پا سکتا ہے۔

    اور اس کا سب سے بڑا سبب یہ ہیں کہ : اللہ کے لیے مضبوط توحید، اسی پر کامل بھروسا، اللہ تعالیٰ اور اس کی بلند صفات اور خوبصورت ناموں کا علم، اس سے مکمل محبت، اور اس کے ساتھ ساتھ مخلوق کے ساتھ ہر طرح کی بھلائی کے ذریعے قربِ الہی حاصل کرنا۔ جو شخص اس طریقے پر زندگی گزارے، وہ سعادت، خوشی، مسرت اور دائمی شادمانی پا لیتا ہے، اور اللہ تعالیٰ اسے غموں سے نجات دیتا اور اس کی پریشانیاں دور کر دیتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: (وَمَنْ يَتَّقِ اللَّهَ يَجْعَلْ لَهُ مَخْرَجًا) ’’اور جو تقوی الہی اپنائے اللہ اس کے لیے تنگی سے نکلنے کا راستہ بنا دیتا ہے‘‘ (الطلاق: 2)۔

    اللہ کے بندو! خوشی اور مسرت حاصل کرنے اور غموں اور پریشانیوں کو دور کرنے کے شرعی اسباب میں سے ایک بڑا سبب یہ ہے کہ نبی عظیم ﷺ پر کثرت سے درود و سلام بھیجا جائے۔

    اللهمَّ صلِّ وسلِّمْ وبارِكْ على عبدِكَ ورسولِكَ نبيِّنا محمدٍ، وعلى آلهِ وصحبِه أجمعينَ.

    یا اللہ! زندہ یا فوت شدہ تمام مومن مرد و خواتین کی مغفرت فرما ۔

    یا اللہ! مسلمانوں سے فتنے دور فرما۔ یا اللہ! سب کی حفاظت فرما۔ اے اللہ! ان کے غم دور کر دے، ان کی پریشانیاں ختم فرما، اور ان کی مصیبتوں کو آسانی میں بدل دے۔

    یا اللہ! مسلمانوں کے دشمنوں کو تباہ فرما، یا اللہ! ہم ان کے شر سے تیری پناہ چاہتے ہیں، یا ذوالجلال والاکرام! یا اللہ! تو ہی ہمارے لیے کافی ہے اور بہترین کارساز ہے؛ مسلمانوں کے لیے مدد گار، محافظ اور معاون بن جا۔

    یا اللہ! ہمارے ملک کی سلامتی، استحکام، خوشحالی اور اس کے محافظوں کی حفاظت فرما۔ دشمنوں کی چالیں، مکاروں کے مکر اور ظالموں کی زیادتیاں دور فرما، اور تمام مسلم ممالک کی بھی حفاظت فرما۔

    یا اللہ! خادمِ حرمین شریفین اور ولی عہد کی حفاظت فرما، اور ان کی عمریں اپنی اطاعت میں دراز فرما۔ یا اللہ! انہیں ہر خیر کے کام میں کامیاب فرما اور سیدھا راستہ عطا فرما۔

    (رَبَّنَا آتِنَا فِي الدُّنْيَا حَسَنَةً وَفِي الْآخِرَةِ حَسَنَةً وَقِنَا عَذَابَ النَّارِ) ’’اے ہمارے رب! ہمیں دنیا میں بھی بھلائی عطا فرما اور آخرت میں بھی بھلائی عطا فرما، اور ہمیں آگ کے عذاب سے بچا‘‘ (البقرة: 201)۔

    یا اللہ! ہمیں اور تمام مسلمانوں کو سخت آزمائشوں ، بدبختی ، بری تقدیر ، اور دشمنوں کے پھبتی کسنے سے پناہ عطا فرما۔

    یا اللہ! تیری نعمتوں کے زوال سے، تیری عطا کردہ عافیت کے بدل جانے سے، تیری اچانک پکڑ سے، اور تیرے ہر قسم کے غضب سے ہم سب کو محفوظ فرما۔

    یا اللہ! ہمیں بارش عطا فرما، یا اللہ! مسلم علاقوں میں نفع بخش بارش نازل فرما، اور ان کے دلوں کو بھی ایسی چیز سے سیراب فرما جو انہیں خوشی اور مسرت عطا کرے، یا ارحم الراحمین!

    اللہ کے بندو! اللہ کا ذکر کثرت سے کرو، اور صبح و شام اس کی تسبیح بیان کرو۔ اور ہماری آخری دعوت بھی یہی ہے کہ سب تعریف اللہ رب العالمین کے لیے ہیں۔
     
Loading...

اردو مجلس کو دوسروں تک پہنچائیں