خطبہ حرم مکی " حجِ مبرور اور عقیدۂ توحید پر استقامت" از ڈاکٹر بندر بن عبد العزیز بلیلہ حفظہ اللہ

شفقت الرحمن نے 'خطبات الحرمین' میں ‏مئی 31, 2026 کو نیا موضوع شروع کیا

  1. شفقت الرحمن

    شفقت الرحمن ركن مجلس علماء

    شمولیت:
    ‏جون 27, 2008
    پیغامات:
    783
    فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر بندر بن عبد العزیز بلیلہ حفظہ اللہ نے مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں 12 ذوالحجہ 1447ہجری کا خطبہ جمعہ " حجِ مبرور اور عقیدۂ توحید پر استقامت" کے عنوان پر ارشاد فرمایا جس میں انہوں نے کہا کہ حج؛ اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور بندے کی روحانی تربیت کا اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے حجاجِ کرام کو تلقین کی کہ مناسک کی تکمیل پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں اور یہ یاد رکھیں کہ عبادت کسی مخصوص وقت تک محدود نہیں بلکہ زندگی بھر جاری رہنے والا سفر ہے۔ خطیب محترم نے واضح کیا کہ حج محبت، اخوت، ایثار، صبر، خدمتِ خلق اور حسنِ اخلاق کی عملی تربیت فراہم کرتا ہے، جبکہ اس کا سب سے بڑا مقصد خالص توحید کا قیام اور اللہ تعالیٰ کے سامنے مکمل بندگی کا اظہار ہے۔ انہوں نے مزید زور دیتے ہوئے شرک اور غیر اللہ سے فریاد و استعانت کی تمام صورتوں سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ حج کے بعد بھی عقیدۂ توحید پر ثابت قدم رہنا ضروری ہے۔ مزید فرمایا کہ حجِ مبرور کی نشانی یہ ہے کہ حاجی پہلے سے زیادہ متقی، نیک سیرت اور بہتر کردار کا حامل بن کر واپس لوٹے۔ دوسرے خطبے میں فضیلۃ الشیخ نے رمیِ جمرات، قربانی اور طوافِ وداع کے احکام یاد دلائے اور حجاجِ کرام، مسلمانوں اور امتِ مسلمہ کے لیے دعائیں کیں۔

    پی ڈی ایف فارمیٹ کے لیے کلک کریں۔

    پہلا خطبہ:
    ہمہ قسم کی حمد اللہ تعالیٰ کے لیے ہے، وہی ہے جس نے حجاج کے لیے حج آسان بنایا اور ان کے لیے مناسک کی ادائیگی سہل فرمائی۔ ہم اس کی حمد بیان کرتے ہیں اور اس کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے حجاج کو اپنی رحمت میں ڈھانپ لیا اور ان کے معاملات خود سنوارے۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی معبودِ برحق نہیں، وہ اکیلا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں؛ اسی نے حجاج کے اجر و ثواب میں اضافہ فرمایا اور ان کی دعائیں قبول کیں۔ اور میں گواہی دیتا ہوں کہ ہمارے نبی محمد ﷺ اللہ تعالیٰ کے بندے اور رسول ہیں، آپ نے لوگوں کی بھلائی اور نجات پر مبنی رہنمائی فرمائی۔ اللہ تعالیٰ آپ پر، آپ کی آل اور ان صحابۂ کرام پر رحمت و سلامتی اور برکتیں نازل فرمائے جنہوں نے اللہ کی راہ میں اپنے مال اور اپنے اوقات قربان کیے۔

    بعد ازاں:

    میں اپنے آپ کو اور آپ سب لوگوں کو تقویٰ الٰہی اپنانے کی نصیحت کرتا ہوں۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ سے ڈرو، اللہ تم پر رحم فرمائے، اسی کی عبادت کرو، اسی کا شکر ادا کرو، اور یاد رکھو کہ تم سب کو اسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔

    یہ بھی جان لو کہ عبادت زندگی بھر کا سفر ہے جو کبھی ختم نہیں ہوتا، اور دل کی ایسی پیش قدمی ہے جو رُکتی نہیں، یہاں تک کہ انسان اپنی مقررہ مدت کو پہنچ جائے۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: ﴿وَاعْبُدْ رَبَّكَ حَتَّى يَأْتِيَكَ الْيَقِينُ﴾ ’’اور اپنے رب کی عبادت کرتے رہو یہاں تک کہ تمہیں موت آ جائے۔‘‘ (الحجر: 99)

    مسلمانو! اور بیت اللہ کے حجاج کرام!

    اب مناسکِ حج اپنے اختتام کے قریب پہنچ چکے ہیں، اور بہت سے لوگ اپنے گھروں کو واپس لوٹنے کی تیاری کر رہے ہیں، بعد ازاں کہ وہ ان مبارک مقامات اور میدانوں میں آنسو بہا چکے، دعائیں مانگ چکے اور اپنے رب کے حضور گڑگڑا چکے ہیں۔ لہٰذا مبارک ہو اس شخص کو جس نے ان بابرکت دنوں میں ان پاکیزہ سرزمینوں پر تکبیر، تہلیل، ذکر اور دعا کے ذریعے ان قیمتی اوقات سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔

    اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرو کہ اس نے تمہیں مناسک کو بہترین انداز اور عمدہ کیفیت کے ساتھ ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائی، اس کے لیے تمہیں منتخب فرمایا، تمہیں اپنی مخلوق کے بہت سے لوگوں پر فضیلت بخشی اور تمہیں اپنے لیے چن لیا۔

    کتنے ہی ایسے لوگ ہیں جو بیت اللہ کی حاضری کے آرزومند اور مشتاق تھے، لیکن ان کے قدموں کو ان مقدس راہداریوں تک پہنچنے کا موقع نہ مل سکا۔ اور کتنے ہی ایسے محروم لوگ ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے اپنی مشیت اور حکمت کے تحت ان مقامات تک پہنچنے سے روک دیا۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: ﴿وَلَٰكِنْ كَرِهَ اللهُ انْبِعَاثَهُمْ فَثَبَّطَهُمْ وَقِيلَ اقْعُدُوا مَعَ الْقَاعِدِينَ﴾ ’’لیکن اللہ کو ان کا نکلنا پسند نہ تھا، اس لیے اس نے انہیں سست کر دیا اور کہا گیا کہ بیٹھ رہنے والوں کے ساتھ بیٹھے رہو۔‘‘ (التوبة: 46)

    مسلمانو!

    حج درس و عبرت کا مجموعہ ہے، نصیحت آموز مواقع اور قیمتی موتیوں کا خزانہ ہے، ایک ایمانی سفر اور ربانی تربیت گاہ ہے، جہاں مومن بلند اقدار اور اعلیٰ اخلاق سیکھتا ہے؛ محبت، اخوت، ایثار، لوگوں کو فائدہ پہنچانے، غصہ پی جانے، لوگوں کو معاف کرنے، سخاوت و عطا، تواضع و انکساری اور تکلیفوں پر صبر کرنے کی صفات حاصل کرتا ہے۔

    اور اس عظیم عبادت سے مومن جو سب سے بڑی دولت حاصل کرتا ہے وہ بلند ترین صورت، روشن ترین مظاہر اور عظیم ترین معانی و مقاصد کے ساتھ عقیدہ توحید کا عملی اظہار ہے؛ یعنی اللہ تعالیٰ کے سامنے بندگی کے ساتھ مکمل سپردگی، اس کی اطاعت کے ساتھ کامل فرمانبرداری، اور شرک اور اہلِ شرک سے براءت کا اعلان۔

    اسی لیے تلبیہ کا شعار ہے: ’’لَبَّيْكَ اللَّهُمَّ لَبَّيْكَ، لَبَّيْكَ لَا شَرِيكَ لَكَ لَبَّيْكَ، إِنَّ الْحَمْدَ وَالنِّعْمَةَ لَكَ وَالْمُلْكَ، لَا شَرِيكَ لَكَ۔‘‘’’ یا اللہ! میں تیرے حکم کی تعمیل میں حاضر ہوں، حاضر ہوں۔ میں حاضر ہوں، تیرا کوئی شریک نہیں، میں حاضر ہوں۔ بے شک ہر قسم کی حمد تیرے ہی لیے ہے، تمام نعمتیں تیری ہی عطا کردہ ہیں، اور بادشاہی بھی تیری ہی ہے۔ تیرا کوئی شریک نہیں۔ ‘‘

    اور یومِ عرفہ کی سب سے عظیم دعا یہ ہے: ’’لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيكَ لَهُ، لَهُ الْمُلْكُ وَلَهُ الْحَمْدُ، وَهُوَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ۔‘‘ ’’اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی معبودِ بر حق نہیں، وہ اکیلا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں، بادشاہی اسی کی ہے، ہر قسم کی حمد اسی کے لیے ہے، اور وہ ہر چیز پر پوری قدرت رکھنے والا ہے۔‘‘

    یہ سب کچھ اقرار کرنے کے بعد کیا یہ قابل قبول ہے کہ ایک مومن ان عظیم عبادات کے بعد الٹے پاؤں لوٹ جائے، کسی ولی کے مزار کی چوکھٹ سے جا لپٹے یا کسی شیخ کی قبر پر جا کر اس سے شفا اور اولاد مانگنے لگے، اور اس سے فریاد رسی اور مدد طلب کرے؟ یوں وہ اپنے ہاتھوں سے اس عمارت کو ڈھا دے جسے اس نے خود تعمیر کیا تھا، اور اس بنیاد کو منہدم کر دے جسے اس نے بڑی محنت سے استوار کیا تھا۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: ﴿وَلَا تَكُونُوا كَالَّتِي نَقَضَتْ غَزْلَهَا مِنْ بَعْدِ قُوَّةٍ أَنْكَاثًا﴾’’اور اس عورت کی طرح نہ ہو جاؤ جس نے مضبوطی سے سوت کاتنے کے بعد اسے ٹکڑے ٹکڑے کر ڈالا۔‘‘ (النحل: 92) حالانکہ وہ نہ اپنے لیے کسی نفع و نقصان کا اختیار رکھتا ہے اور نہ دوسروں کے لیے۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: ﴿وَاتَّخَذُوا مِنْ دُونِهِ آلِهَةً لَا يَخْلُقُونَ شَيْئًا وَهُمْ يُخْلَقُونَ وَلَا يَمْلِكُونَ لِأَنْفُسِهِمْ ضَرًّا وَلَا نَفْعًا وَلَا يَمْلِكُونَ مَوْتًا وَلَا حَيَاةً وَلَا نُشُورًا﴾’’اور لوگوں نے اللہ کے سوا ایسے معبود بنا رکھے ہیں جو کسی چیز کو پیدا نہیں کرتے بلکہ خود پیدا کیے گئے ہیں، اور نہ اپنے لیے کسی نقصان یا فائدے کے مالک ہیں، نہ موت کے، نہ زندگی کے اور نہ دوبارہ اٹھائے جانے کا اختیار رکھتے ہیں۔‘‘ (الفرقان: 3)

    بلکہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے اپنے رسول ﷺ کو حکم دیا کہ تمام لوگوں سے فرما دیں: ﴿قُلْ لَا أَمْلِكُ لِنَفْسِي نَفْعًا وَلَا ضَرًّا إِلَّا مَا شَاءَ اللهُ وَلَوْ كُنْتُ أَعْلَمُ الْغَيْبَ لَاسْتَكْثَرْتُ مِنَ الْخَيْرِ وَمَا مَسَّنِيَ السُّوءُ إِنْ أَنَا إِلَّا نَذِيرٌ وَبَشِيرٌ لِقَوْمٍ يُؤْمِنُونَ﴾ ’’آپ فرما دیجیے: میں اپنے لیے کسی نفع یا نقصان کا اختیار نہیں رکھتا مگر جو اللہ چاہے۔ اور اگر میں غیب جانتا ہوتا تو بہت سی بھلائیاں حاصل کر لیتا اور مجھے کبھی کوئی تکلیف نہ پہنچتی۔ میں تو بس ایمان لانے والوں کو خبردار کرنے والا اور خوش خبری سنانے والا ہوں۔‘‘ (الأعراف: 188) تو پھر رسول اللہ ﷺ کے بعد اولیاء کی کیا حیثیت رہ جاتی ہے؟

    لہٰذا اللہ سے ڈرو، اللہ کے بندو! اور تکمیل حج کی اس عظیم نعمت کی قدر و منزلت کو پہچانو۔ اس کے بعد بھی راہِ استقامت کو مضبوطی سے تھامے رکھو، کیونکہ حجِ مبرور کی نشانی اور مقبولیت کی علامت یہ ہے کہ حاجی پہلے سے زیادہ متقی دل اور پہلے سے زیادہ بلند کردار کے ساتھ واپس لوٹے۔

    میں اسی پر اکتفا کرتا ہوں، اور اپنے لیے، آپ سب کے لیے اور تمام مسلمانوں کے لیے اللہ تعالیٰ سے ہر گناہ کی مغفرت طلب کرتا ہوں۔ پس تم بھی اس سے بخشش مانگو، بے شک وہی بہت بخشنے والا، نہایت رحم کرنے والا ہے۔


    دوسرا خطبہ
    ہمہ قسم کی حمد اللہ تعالیٰ کے لیے ہے جس نے ہمیں اس نعمت کی ہدایت دی، اور اگر اللہ تعالیٰ ہمیں ہدایت نہ دیتا تو ہم کبھی ہدایت نہ پا سکتے تھے۔ ہم اس کی حمد بیان کرتے ہیں اور اس کا شکر ادا کرتے ہیں۔ اس کے سوا ہمارا کوئی رب نہیں۔ ہم اسی سے مغفرت طلب کرتے ہیں اور ہر گناہ اور آزمائش سے اسی کی طرف توبہ کرتے ہیں۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی معبودِ برحق نہیں، وہ اکیلا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں، ہم صرف اسی کی عبادت کرتے ہیں۔ اور میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد ﷺ اللہ تعالیٰ کے بندے اور رسول ہیں، جنہوں نے ہمیں اللہ کی عبادت اور تقویٰ الہی اپنانے کا حکم دیا۔ اللہ تعالیٰ آپ پر، آپ کی آل اور صحبت اور دیدار کا شرف حاصل کرنے والے صحابۂ کرام پر رحمت و سلامتی اور برکتیں نازل فرمائے۔

    بعد ازاں:

    بیت اللہ کے حجاج کرام!

    ان بابرکت دنوں میں حج کے جو اعمال ابھی باقی ہیں، ان میں تینوں جمرات کو کنکریاں مارنا بھی شامل ہے۔ چنانچہ جو شخص جلدی کرنا چاہے اور آج (12 ذوالحجہ)جمرات کو کنکریاں مار کر غروبِ آفتاب سے پہلے منیٰ سے روانہ ہو جائے تو اس پر کوئی گناہ نہیں۔ اور جو تاخیر کرے اور غروبِ آفتاب کے وقت منی میں ہو تو اس پر تیرہ ذوالحجہ کی رات منیٰ میں قیام کرنا لازم ہے، اور اگلے دن زوالِ آفتاب کے بعد تینوں جمرات کو کنکریاں مارنی ہوں گی۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: ﴿فَمَنْ تَعَجَّلَ فِي يَوْمَيْنِ فَلَا إِثْمَ عَلَيْهِ وَمَنْ تَأَخَّرَ فَلَا إِثْمَ عَلَيْهِ لِمَنِ اتَّقَى وَاتَّقُوا اللهَ وَاعْلَمُوا أَنَّكُمْ إِلَيْهِ تُحْشَرُونَ﴾ ’’پھر جو شخص دو دن میں جلدی واپس آ جائے اس پر کوئی گناہ نہیں، اور جو تاخیر کرے اس پر بھی کوئی گناہ نہیں، یہ اس شخص کے لیے ہے جو تقویٰ اختیار کرے۔ اور اللہ سے ڈرتے رہو اور جان لو کہ تم سب اسی کے حضور جمع کیے جاؤ گے۔‘‘ (البقرة: 203)

    اسی طرح قربانی کے جانور اور ہدی ذبح کرنے کا وقت بھی تیرہ ذوالحجہ کے دن غروبِ آفتاب سے کچھ پہلے تک باقی رہتا ہے۔ لہٰذا جس شخص نے ابھی تک ہدی یا قربانی ادا نہیں کی، اسے چاہیے کہ جلد از جلد اس کی ادائیگی کی طرف متوجہ ہو اور اس میں تاخیر نہ کرے۔

    اللہ کے بندو!

    یہ بات بھی ذہن نشین کر لیں کہ کسی بھی حاجی کے لیے یہ جائز نہیں کہ وہ مکہ مکرمہ -اللہ تعالیٰ اس کی حفاظت فرمائے- سے طوافِ وداع کیے بغیر اپنے علاقے میں واپس چلا جائے جائے؛ کیونکہ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں: ( كَانَ النَّاسُ يَنْصَرِفُونَ فِي كُلِّ وَجْهٍ، فَقَالَ رَسُولُ اللهِ ﷺ: لَا يَنْفِرَنَّ أَحَدٌ حَتَّى يَكُونَ آخِرُ عَهْدِهِ بِالْبَيْتِ) ’’لوگ مختلف سمتوں میں روانہ ہو رہے تھے، تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کوئی شخص اس وقت تک روانہ نہ ہو جب تک بیت اللہ اس کا آخری عہد نہ بن جائے۔ ‘‘ صحیح مسلم

    گزشتہ گفتگو کو پلے باندھ لیں اور اللہ کی بہترین مخلوق محمد بن عبداللہ ﷺ پر درود و سلام بھیجیں؛ کیونکہ تمہارے رب نے تمہیں اس کا حکم دیا ہے۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: ﴿إِنَّ اللهَ وَمَلَائِكَتَهُ يُصَلُّونَ عَلَى النَّبِيِّ ۚ يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا صَلُّوا عَلَيْهِ وَسَلِّمُوا تَسْلِيمًا﴾’’بے شک اللہ تعالیٰ اپنے نبی پر رحمت نازل فرماتا ہے اور اس کے فرشتے بھی ان کے لیے رحمت کی دعا کرتے ہیں۔ ایمان والو! تم بھی ان پر درود اور خوب سلام بھیجا کرو۔‘‘ (الأحزاب: 56)

    یا اللہ! اپنے بندے اور رسول، ہمارے نبی محمد ﷺ پر رحمت و سلامتی اور برکتیں نازل فرما، اور یا اللہ! تمام صحابۂ کرام سے راضی ہو جا، نیز ان تابعین سے بھی جو قیامت تک احسان کے ساتھ ان کی پیروی کرتے رہیں۔ اپنی رحمت کے صدقے یا ارحم الراحمین!

    یا اللہ! اسلام اور مسلمانوں کو غلبہ عطا فرما، یا اللہ! اسلام اور مسلمانوں کو غلبہ عطا فرما، اور اپنے موحد بندوں کی مدد فرما۔

    یا اللہ! پریشان حال لوگوں کی پریشانیاں دور فرما، مصیبت زدہ لوگوں کی تکلیفیں ختم فرما، قرض داروں کے قرض ادا فرما، اور ہمارے اور تمام مسلمان بیماروں کو شفا عطا فرما۔

    یا اللہ! ہمارے وطنوں میں ہمیں امن عطا فرما، ہمارے حکمرانوں کی اصلاح فرما، اور حق، توفیق اور درست رہنمائی کے ساتھ ہمارے حکمران اور ولیِ امر خادمِ حرمین شریفین کی تائید فرما۔ یا اللہ! انہیں صحت، عافیت اور اپنی ہمہ گیر نعمتوں کے ساتھ درازیِ عمر عطا فرما۔

    یا اللہ! انہیں اور ان کے ولی عہد کو ان کاموں کی توفیق عطا فرما جن میں ملک و ملت کی بھلائی ہو، اور اسلام و مسلمانوں کی عزت، سربلندی اور رفعت ہو، یا رب العالمین!

    یا اللہ! ہماری سرحدوں پر پہرہ دینے والے ہمارے محافظوں کی حفاظت فرما۔ یا اللہ! انہیں اپنی اس نگاہِ حفاظت میں رکھ جو کبھی نہیں سوتی، اور اپنی اس پناہ میں جگہ دے جس تک کوئی دشمن رسائی حاصل نہیں کر سکتا، یا رب العالمین!

    یا اللہ! ہر جگہ مظلوم اور کمزور مسلمانوں کے لیے مدد گار، پشت پناہ، معاون اور نصیر بن جا، اور انہیں اپنے اور ان کے دشمنوں کے مقابلے میں غلبہ عطا فرما، یا قوی! یا متین!

    یا اللہ! ہمارے ملک کے امن، استحکام، خوش حالی اور اس کے محافظوں کی حفاظت فرما، اور اسے سازش کرنے والوں کی سازشوں اور دشمنوں کی جارحیت سے محفوظ فرما، اور اسی طرح تمام مسلم ممالک کی بھی حفاظت فرما، یا رب العالمین!

    یا اللہ! حجاج کا حج قبول فرما، یا اللہ! حجاج کا حج قبول فرما، ان کی تمام دعائیں قبول فرما، ان کی امیدیں پوری فرما، اور انہیں اپنے اہل و عیال کی طرف سلامتی، کامیابی اور قبولیت کے ساتھ واپس لوٹا، اپنی رحمت کے ساتھ، یا ارحم الراحمین!

    ﴿رَبَّنَا آتِنَا فِي الدُّنْيَا حَسَنَةً وَفِي الآخِرَةِ حَسَنَةً وَقِنَا عَذَابَ النَّارِ﴾ ’’اے ہمارے رب! ہمیں دنیا میں بھی بھلائی عطا فرما اور آخرت میں بھی بھلائی عطا فرما، اور ہمیں آگ کے عذاب سے بچا۔‘‘ (البقرة: 201)

    آپ رب جو عزت و عظمت کا مالک ہے؛ ان باتوں سے پاک ہے جو لوگ اس کی شان میں بیان کرتے ہیں۔ اور سلامتی ہو تمام رسولوں پر۔ اور ہماری آخری دعا یہ ہے کہ تمام تعریفیں اللہ تعالیٰ کے لیے ہیں، جو تمام جہانوں کا رب ہے۔
     
Loading...

اردو مجلس کو دوسروں تک پہنچائیں