مختصر فضائل و مسائل (حج وعمرہ)شیخ محمد منیرقمر

ابوعکاشہ نے 'ماہ ذی الحجہ اور حج' میں ‏اکتوبر، 2, 2013 کو نیا موضوع شروع کیا

  1. ابوعکاشہ

    ابوعکاشہ منتظم

    شمولیت:
    ‏اگست 2, 2007
    پیغامات:
    14,372
    احکام و آدابِ زیارت ِ مدینہ منورہ:

    136- مسجد نبوی میں نماز کی نیت سے مدینہ منورہ کا سفر کیا جائے تاکہ نبی ﷺ کے اس حکم کی خلاف ورزی نہ ہو جسمیں آپ ﷺ نے مسجدِحرام ، مسجدِنبوی اور مسجدِاقصیٰ کے سوا کسی طرف بغرضِ ثواب رخصتِ سفر باندھنے سے منع فرمایا ہے ـ (بخاری و مسلم) مدینہ منورہ پہنچ کر مسجدِنبوی میں جائیں ، جہاں ایک نماز کا ثواب ایک ہزار نمازکے برابر ہے ـ(بخاری و مسلم) پچاس ہزار نماز والی حدیث (ابن ماجہ )ضعیف و ناقابلِ حجت ہے
    137-مسجد نبوی میں داخل ہوتے ہی دعاء دخول اور پھر تحیتہ المسجد پڑھیں اور اگر ممکن ہو تو روضتہ الجنہ میں پڑھیں جو قبرِ رسول ﷺ کے ساتھ ہی سفید ستونوں والی جگہ ہے اور جسے نبی ﷺ نے ''جنت کا باغیچہ '' قرار دیا ہے ـ(بخاری و مسلم) اگر کسی فرض نماز کا وقت ہے تو باجماعت نماز ادا کرلیں ـ
    138- فرض نماز یا تحیتہ المسجد کی دو رکعتوں کے بعد نبی ﷺ کی قبرمقدس کے پاس جائیں اور یوں سلام کریں :
    السلام علیک یارسول اللہ
    ائے اللہ کے رسول ﷺ ! آپ پر سلام ہو ـ
    پھر ساتھ ہی ابوبکرصدیق ابوبکرصدیقؓ کی قبر پر انہیں یوں سلام کریں :
    السلام علیک یا ابابکر
    ائے ابوبکرؓ ! آپ پر سلام ہو ـ
    السلام علیک یا عمر
    ائے عمر! آپ پرسلام ہو ـ
    (مؤطا امام مالک ، مصنف عبدالرزاق و ابن ابی شیبہ ، بیہقی ، فضل الصلاتہ علی النبی ﷺ لاسماعیل القاضی)
    139- نبیﷺ کی آخری آرامگاہ کے در و دیوار یا جالیوں اور پوری مسجدِ نبوی کے کسی بھی حصہ کر تبرک کی نیت سےجُھونا ، پھر ہاتھوں کو چہرے اور سینے پر پھیرنا اور چومنا ثابت نہیں ہ ـ
    امام غزالی ، ابن تیمیہ ، امام نووی ، ابن قدامہ ، ملاعلی قاری ، شیخ عبدالحق دہلوی(دیوبندی ) اور مولانا احمد رضا خان (بریلوی) نے بھی ان امور کو ممنوع قراردیا ہے ـ (احیاء علوم الدین غزالی 1/244 ، المغنی /500، فتاویٰ ابن تیمیہ 26/97 ، انوار البشارات فی مسائل الحج والزیارات فاضل بریلوی ص 29، احکام شریعت فاضل بریلوی حصہ سوم ، معراج الدرایہ ص 124 ، جذب القلوب الی دارالمحبوب شیخ عبدالحق دہلوی ص 171-172)
    140- قبرِ رسول ﷺ کے پاس شور کرنا یا طویل عرصہ تک رک کر شور کا باعث بننا بھی درست نہیں کیونکہ یہ ادب گاہِ عالم ہے اور یہاں آوازوں کو پست رکھنا ضروری ہے ـ (الحجرات:2) صلوتہ و سلام سے فارغ ہو جائیں تو قبلہ رو ہو کر دعائیں مانگیں نہ کہ قبرِ رسول ﷺ کی طرف منہ کرکے ایسا کریں ـ (التحقیق والایضاح ص 67)
    141- حرم مکی کی طرح ہی مسجد نبوی کے بھی الٹے باؤں نکلنا ایک خود ساختہ فعل ہے جسکی کوئی شرعی حیثیت نہیں ہے ـ(مناسک الحج والمعرہ ص 43)
    142- قیامِ مدینہ منورہ کے دوران کسی بھی وقت اقامت گاہ سے وضوء کر کے جائیں اور مسجد قباء دو رکعتیں پڑھ لیں ـ اسکا پورے عمرے کا ثواب برابر ہے ـ (ترمذی ، مسند احمد ، نسائی ، ابن ماجہ ، ابن حبان ، مستدرک حاکم ، ابن ابی شیبہ ، بیہقی ، مسندابویعلی ، تاریخ کبیر امام بخاری )مسجد قبا کی زیارت رسولﷺ ہے ـ(صحیح مسلم )
    143- بقیع الغرقد یا جنت الفردوس یا جنت البقیع کی زیارت کر سکتے ہیں اور وہاں عام قرستان کی زیارت والی دعاء کریں اور ان الفاظ کا اضافہ کردیں :
    اللھم اغفر لاھل بقیع الغرقد
    ائے اللہ! اس بقیعِ غرقد کے آسودگانِ خاک کی مغفرت فرمادے ـ
    144- شہداءِ احد کی زیارت بھی جائز ہے اور وہاں بھی عام زیارتِ قبور والی دعاء کریں ـ
    145-مدینہ منورہ میں جتنا بھی قیام ممکن ہو جائز ہے ـ چالیس نمازیں پوری کرنے کے لئے ہفتہ بھر رکنا کوئی شرط نہیں ، کیونکہ اس موضوع کی بیان کی جانے والی مسند احمد و طبرانی اوسط والی روایت ضعیف و ناقابلِ استدلال ہے ـ (سلسلہ الاحادیث الضعیفہ للالبانی 1/366)
    146- دوران ِ حج اگر کوئی شخص مقصد بنائے بغیر ضمنی طور پر کوئی تجارت یا مزدوری کرنا چاہے تو جائز ہے ـ(البقرہ ، 198 ، تفسیر ابن کثیر 1/285 ، صحیح بخاری شریف حدیث : 177 البتہ اس میں غیرقانونی اشیاء غیرقانونی طریقوں سے لانا ، ان کا کاروبار کرنا اور کسٹم میں دھوکہ دہی کرنا جو عام حالات میں روا نہیں وہ حج کے لئے بھی جائز نہیں ، ان سے بچیں (جدید فقہی مسائل ، مولانا سیف اللہ رحمانی ص 130-131)
    147- مکہ مکرمہ کا اصل تحفہ آبِ زمزم اور مدینہ منورہ کا مبارک ہدیہ عجوہ کھجور ہے ، کیونکہ آپِ زمزم ہرغرض و مرض کے لئے مفید ہے ـ(مسند احمد ، معجم طبرانی اوسط ، ابن ابی شیبہ ، بیہقی ) یہ کھانے کا کھانا(صحیح مسلم) اور بیماری کی دواء ہے ـ (مسنداحمد ، طیالسی ، بیہقی ، معجم طبرانی صغیر وکبیر) لیکن اس میں کفن یا نقدی کو بھگونا خانہ ساز فعل ہے ـ (السنن والمبتدعات ص 113 و حجتہ النبی ص 119) اور عجوہ کھجور کے سات دانے صبح کھا لیں تو اس دن زہر اور سحر( جادو) اثر نہیں کرتاـ (بخاری و مسلم ) یہ شفا اورزہر کا تریاں ہے ـ (صحیح مسلم) یہ جنت کا پھل ہے (ترمذی ،نسائی ، ابن ماجہ ، داری ، مسند احمد و ابو یعلی )
    148- سفر چاہے کتنا ہی آرام دہ کیوں نہ ہو ـ یہ عذاب کا ایک ٹکڑا ہوتا ہے ، لہذا کوئی شخص جب اپنا کام مکمل کرلے تو جلد اپنے اہل و عیال میں لوٹ جائے ـ (بخاوی و مسلم) حاجی کا حج سے فارغ ہو کر اپنے اہل و عیال میں جلد لوٹ جانا ہی زیادہ اجر کا باعث ہے ـ (دارقطنی ، بیہقی ، مستدرک حاکم )
    149- جب واپسی کا سفر اختیار کریں تو سواری پر بیٹھنے ، راستے میں قیام کرنے ، شہروں کو دیکھنے ، اونچائی پرچڑھنے اور زیرِین جانب اترے وغیرہ کی دعائیں کرتے آئیں اور جب اپنا شہر نظر آجائے تو یہ دعاء پڑھیں :
    آئیون تائیون عابدون ساجدون لربنا حامدون (بخاری و مسلم)
    ہم تو تائب ہو کر ، سجدہ و عبادت گزاری کاعہد کر کے لوٹ آئے ہیں ، اور اپنے رب کی تعریفیں کرتے ہیں ـ
    150- اور اپنے گھر میں داخل ہونے سے پہلے ممکن ہو تو مسجد میں جاکر دو رکعت نمازپڑھ لیں ـ (بخاری وسلم ) اور پھر یہ دعاء کرتے ہوئے اپنے گھر میں داخل ہوجائیں:
    اللھم انی اسلک خیر المولج وخیر المحرج ، بسم اللہ ولجنا وعلی ربنا توکلنا ـ
    ائے اللہ ! میں تجھ سے داخل ہونے اور نکلنے کی جگہوں کی بھلائی کا سوال کرتا ہوـ تیرا نام لیکر ہم یہاں سے نکلے تھے اور ائے ہمارے رب! تجھی پر ہمارا بھروسہ ہے ـ

    واللہ الموفق ​
     
    • پسندیدہ پسندیدہ x 3
  2. ابوعکاشہ

    ابوعکاشہ منتظم

    شمولیت:
    ‏اگست 2, 2007
    پیغامات:
    14,372
    للرفع..
     
    • پسندیدہ پسندیدہ x 1

اردو مجلس کو دوسروں تک پہنچائیں