شکل یا عقل

ابوعکاشہ نے 'مطالعہ' میں ‏نومبر 1, 2018 کو نیا موضوع شروع کیا

  1. ابوعکاشہ

    ابوعکاشہ منتظم

    شمولیت:
    ‏اگست 2, 2007
    پیغامات:
    14,213
    شکل یا عقل

    گوگل پر ایک بحث کے دوران ، عربی زبان کے ادیب شاعر ڈاکٹر شمس کمال انجم کی درج ذیل تحریر نظر سے گزری ۔ اچھا سبق ہے ۔ عقل والوں کے لئے۔


    قاسم بن علی الحریری عباسی دور کا بڑا لکھاری ادیب اور کم گو شاعرتھا۔ فصاحت وبلاغت اور ذہانت وفطانت میں اپنی مثال آپ تھا۔اس نے مقامات حریری جیسی بے مثال کاوش سے عربی ادب کو مالا مال کیا جو اس کے علمی مقام ومرتبے پر شاہد عدل ہیے۔مگرتمام علم وفضل کے باوجود حریری بڑا بدشکل اور پست قدتھا۔میلا لباس پہنتا تھا اور غور وفکر کے وقت اپنی داڑی نوچتا رہتا تھا۔ اس کی شہرت سن کرایک مرتبہ اس کا ایک معتقد اس سے استفادے کی غرض سے اس مسجد میں آیا جہاں وہ درس دیتا تھا۔وہاں اسے ایک بد شکل نظر آیا جسے دیکھ کر وہ واپس ہوگیا پھر آیا پھر واپس ہوگیا۔ حریری اسے دیکھ کر سمجھ گیااور شعر پڑھاکہا کہ جاؤ جاؤ کسی اور کے پاس جاؤ۔ میں بھی معیدی کی طرح ہوں کہ اسے دیکھنے کے بجائے اس کے بارے میں سننے پر ہی اکتفا کیاجائے۔

    معیدی قبیلۂ معد کا ایک آدمی تھا جو بڑابد شکل مگر بہت بہادر تھا۔ حیرہ کے بادشاہ نعمان بن منذ کے یہاں حملہ کرتا رہتا تھا اور لوگ اسے پکڑ نہیں پاتے تھے۔ بادشاہ نے اس کی بہادری سے متاثر ہوکر اسے امان بخشی اور اپنے پاس حاضر ہونے کو کہا۔جب وہ نعمان کے پاس آیا تو اس نے اس کی شکل سے ناپسندیدگی کا اظہار کیااور کہا’’تسمع بالمُعَیدی خیرٌ مِن انْ تَراہ‘‘یعنی معیدی کودیکھنے سے بہتر ہے کہ اسے صرف سنا جائے۔ معیدی نے کہا’’المرء باصغریہ: قلبہ ولسانہ‘‘یعنی انسان کو اس کی شکل وصورت اور اس کے بھاری بھرکم جسم سے نہیں اس کے دو چھوٹے چھوٹے عضو یعنی دل اور زبان سے جانا اور پہچانا جاتا ہے۔اس کی حاضر جوابی دیکھ کر نعمان نے اسے اپنے حاشیہ برداروں میں شامل کرلیا۔

    اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ہم کسی نادیدہ شخص کی آواز ، اس کی شہرت یا مقام ومرتبے کے بقدراس کی شکل وصورت کا ہیولا اپنے ذہن میں مرتب کرلیتے ہیں مگر جب ہم اس سے ملتے ہیں اور اسے اپنی بنائی ہوئی شکل وصورت سے مختلف پاتے ہیں تو عجیب قسم کے حیرت واستعجاب کا شکار ہوجاتے ہیں۔ مگر یہ کوئی ضروری نہیں کہ شکل اچھی ہو تو عقل بھی اچھی ہو یا عقل اچھی ہو تو شکل بھی خوب ہو۔دیر پا عقل ہوتی ہے شکل نہیں۔
     
    • پسندیدہ پسندیدہ x 1
Loading...

اردو مجلس کو دوسروں تک پہنچائیں